شموگہ ،8؍ جنوری (ایس او نیو)بھٹکل کے معروف عالم دین مولوی محمد الیاس جاکٹی ندوی کے ہاتھوں شموگہ کے شکاری پور میں ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کی ننانویں کتاب ’’ہمارے سپہ سالار‘‘ کا اجرا عمل میں آیا جس کے لئے 6؍ جنوری کو گلشن زبیدہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مولانا الیاس ندوی نے کہا کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کو ادب اطفال کے لیے جو قومی ایوارڈ ملا ہے وہ صرف ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کو نہیں ملا ہے، بلکہ پوری علما برادری کو ملا ہے۔ مولانا الیاس نے کہا کہ حافظؔ کرناٹکی سوویں کتاب کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ اللہ ان کے حوصلوں کو بلند رکھے۔
بھٹکل سے تشریف فرما مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے کہا کہ آپ حافظؔ قرآن ہیں۔ آپ کے سینے سے جو کچھ بھی نکلے گا اس میں قرآن کی ترجمانی کی خوشبو ضرور ہوگی۔ آپ نے ’’ہمارے سپہ سالار‘‘ کے نام سے جو کتاب شائع کی ہے وہ قابل قدر ہے۔ مگر ایک سچ یہ بھی ہے کہ آپ بذات خود ایک سپہ سالار کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔ مولانا اسامہ صدیقی ندوی ، مولانا بشیراحمد ندوی، مولانا ابراراحمد ندوی، اور سی، اے جناب عبدالشکور نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی کو مبارکبادیاں دیں۔
آفاق عالم صدیقی نے اجرائی تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مہمانوں اور حاضرین کا استقبال کیا، مولانا محمد اظہرالدّین اظہر ندوی نے کتاب کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ؛ یہ بڑی بات ہے کہ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی ملّت کے نونہالوں کو اسلام کے ان سپہ سالاروں سے اپنی کتاب میں متعارف کرایا ہے جنہوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔ یہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے سپہ سالار حضرت زیدبن ابی وقاصؓ، حضرت خالد بن ولیدؓ، حضرت ابوعبیدہؓ، حضرت زیدبن حارثہؓ، حضرت عمرابن العاصؓ، حضرت اسامہ بن زیدؓ کے کاموں اور کارناموں سے اپنے نونہالوں کو واقف کرائیں۔